پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے اعلان کے بعد سپریم کورٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے قافلے سندھ اور بلوچستان سے روانہ ہو گئے ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ اور جے یوآئی کےمرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد آنے والے تمام قافلوں کو پیر کی صبح نو بجے سپریم کورٹ کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہےکہ تمام قافلے پہنچ جائیں تاکہ قومی یکجہتی قائم کی جائے، تین رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا ہے،ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے وکلا برادری سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سے دھرنے میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے،انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ’آئین کی بالادستی کی جنگ لڑنی ہے، وکلاء نے ہمیشہ اس مقصد کے لیے قربانیاں دی ہیں، آج ایک بار پھر ضرورت پڑی ہے کہ وکلا بھی میدان میں آئیں۔
دھرنے میں شرکت کےلئے جے یو آئی کےقافلے پشاور سے مولانا عطاء الرحمان، پنجاب سے ڈاکٹر عتیق الرحمان، خیبرپختونخوا سے اکرم درانی، سندھ سے راشد محمود سومرو اور بلوچستان سے مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا عبد الواسع کی قیادت میں اسلام آباد پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سپریم کورٹ سے رہائی اور پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے نو کیسز میں ضمانت کے خلاف پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی نے 15 مئی کو سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔