کابل: افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ شب آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کنڑ، ننگرہار اور لغمان صوبوں میں مجموعی طور پر 2235 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان مفتی عبدالمتین قانع نے بتایا کہ سب سے زیادہ نقصان کنڑ صوبے میں ہوا ہے جہاں 610 افراد جاں بحق، 1300 زخمی جبکہ بڑی تعداد میں مکانات تباہ ہو گئے۔
ان کے مطابق ننگرہار میں 12 افراد جاں بحق، 255 زخمی اور درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
ادھر لغمان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے سربراہ قاری خیرمحمد غازی نے کہا کہ صوبے میں 58 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت کی قیادت نے مقامی حکام کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، ہنگامی امداد پہنچائیں اور وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کریں۔