کوئٹہ ،سنجدی کان حادثے میں غفلت برتنے پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

بلوچستان حکومت نے سنجدی کان حادثے میں غفلت برتنے پر کان مالک سمیت تین افراد پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا .

ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کے مطابق محکمہ مائینز اینڈ منرل بلوچستان نے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے کو مراسلہ ارسال کردیا ہے.

گذشتہ روز صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سے 40 کلومیٹر دور سنجدی کے علاقے میں‌کوئلے کے کان زہریلی گیس کے اخراج سے ٹھیکیدار سمیت 11 مزدور جاں‌بحق ہوئےتھے.

صوبائی وزیر مائینز میر شعیب نوشیروانی کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق بارہا کان مالکان کو تنبہہ کی گئی ،محکمہ مائینز کی جانب سے کان مالکان کو گیس چیک کرنے کے لئے میٹرز کی تنصیب کا کہا گیا.

انہوں‌نے کہاکہ کان مالکان نے وقتاً فوقتاً جاری احکامات کو نظر انداز کیا ، تمام کانوں میں گیس لیول چیک کرنے کے لئے میٹر کی تنصیب لازم قرار دی گئی ہے.

صوبائی وزیر کے مطابق چیف کمشنر مائینز بلوچستان کو تمام کانوں کا معائنہ کرکے حفاظتی انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی.

واضح رہے کہ بلوچستان مختلف اضلاع میں کوئلے کی لاتعداد کانیں موجود ہیں جس میں بداحتیاطی اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ہرسال لاتعداد افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

رواں سال مئی میں ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔