عالمی مارکیٹ میں تیل کا بحران، خیبر پختونخوا حکومت کا ہنگامی حکم نامہ جاری

جنوبی وزیرستان اپر، شمالی وزیرستان اور مہمند کے ڈپٹی کمشنرز تبدیل

حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے متعدد اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت کئی سینئر افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے تحت یہ تقرریاں مفاد عامہ میں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔

نئی انتظامی تبدیلیوں کے تحت ایڈیشنل سیکرٹری ون ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ محمد آصف رحیم کو ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان تعینات کیا گیا ہے جبکہ وہاں پہلے سے موجود ڈپٹی کمشنر محمد یوسف کریم کو ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح ڈپٹی کمشنر مہمند محمد یاسر حسن کا تبادلہ کر کے انہیں بھی ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اور ان کی جگہ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ منصور ارشد کو نیا ڈپٹی کمشنر مہمند مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ عرفان اللہ خان کو ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر تعینات کر دیا گیا ہے، ان سے قبل اس عہدے پر کام کرنے والے عصمت اللہ کو فوری طور پر ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی منظوری سے جاری ہونے والے اس اعلامیے کی نقول صوبے کے تمام اعلیٰ حکام اور متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔