شمالی وزیرستان،دولہے کی ہوائی فائرنگ سے 4 بچے جاں بحق،ملزم گرفتار

شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا کے علاقے سپین وام میں شادی کے دوران دولہے کی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں چار بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔

مقامی زرائع کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ روز چھوٹا دتہ خیل میں اس وقت پیش آیا جب شادی کے دوران دولہے نے ہوائی فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 3 بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔

زخمی بچوں کو مقامی لوگوں نے سپین وام کے ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ضلع ہنگو منتقل کردیا گیا جہاں ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزم دولہا واقعے کے بعد فرار ہوگیا تھا جنھیں آج گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق دولہے حمید اللہ کا زہنی توازن درست نہیں تھا تاہم پولیس کے مطابق معاملے کی چھان بین کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں ہوائی فائرنگ ممنوع ہے تاہم اس کے باوجود عید اور شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے جس کی وجہ سے افسوس ناک واقعات رونما ہوتے رہے ہیں ۔