ہرنائی:صوبائی حکومت اور ہرنائی خوست دھرنا کمیٹی کے درمیان مذکرات کامیاب ہونے کے بعد کمیٹی نے دھرنا ایک ماہ تک موخر کر نے کا اعلان کردیا ۔
مشیر داخلہ میر ضیا لانگو، رکن صوبائی اسمبلی اصغرترین اور ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد رفیق ترین پر مشتمل صوبائی حکومت کے وفد نےضلع ہرنائی کے خوست میں 13اور 14اگست کو رونما ہونے والے واقعہ اور حکومتی فورسز کی فائرنگ سے نوجوان سیاسی کارکن خالقداد بابر کی شہادت اور دیگر کو زخمی کرنے کے واقعہ کیخلاف اور عوامی مطالبات کی حق میں 52روز سے جاری احتجاجی دھرنے کی نمائندہ کمیٹی سے مذاکرات کیے۔
اس موقع پر دھرنا کمیٹی کے باقی مطالبات کے حل کیلئے مشیر داخلہ اور اعلی سول انتظامیہ اور دھرنا کمیٹی پر مشتمل کمیٹی قائم کرکے آرڈر دھرنے میں پیش کیا جوصوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسمبلی کے سامنے دھرنے کے موقع پراسپیکر بلوچستان اسمبلی کی رولنگ پر مبنی تھا جس پر دھرنا کمیٹی نے جاری احتجاج اور دھرنا کو ایک ماہ کیلئے موخر کرنے کا اعلان کیا۔
حکومتی وفد سے رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین اور دھرنا کمیٹی کی نمائندگی سے احمد جان خان نے دھرنا کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع ہرنائی اور خوست کے عوام اور دھرنا کمیٹی کے باقی ماندہ اور حل طلب مطالبات کو حل کرنے کیلئے مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریوں کو پوری کرینگے اور عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلاکر ضلع کو ایک بار پھر پرامن ضلع بنائیں گے جس میں قانون کی حکمرانی ہو اور تمام ادارے اور محکمے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں اور اختیارات کے پابندہونگے جو عوام کا بنیادی حق اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔