جنوبی وزیرستان،ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان محسود پر کرپشن کے الزامات

جنوبی وزیرستان لوئرسے ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان محسود پر روڈ کے ٹھیکے میں ٹھیکیدار سے پیسے وصول کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

جنوبی وزیرستان اپر سے تعلق رکھنے والے سابق امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی ملک حاجی سعید انور نے دعویٰ کیا کہ آصف خان محسود نے جنڈولہ ٹو وانہ روڈ کے منصوبے میں 6 کروڑ 50 لاکھ روپے بطور کمیشن وصول کیے۔

سعید انور نے بتایا کہ ٹینڈر نورحسن نامی ٹھیکیدار کے نام ہوا، جس کے بعد آصف خان نے کمیشن دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر کمیشن نہ دیا گیا تو ٹھیکہ کسی اور کمپنی کو دے دیا جائے گا۔

سعید انور کا کہنا تھا کہ نورحسن نے6کروڑ پچاس لاکھ روپے نقد آصف محسود کو دے دیے اور وہ اس بات پر حیران ہیں کہ انہوں نے کس حیثیت سے اس روڈ کا افتتاح کیا۔

دوسری جانب محمد آصف محسود نے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے سراسر جھوٹ اور سستی شہرت کے لیے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرد ہمیشہ میدان میں ثبوت کے ساتھ بات کرتے ہیں، اور صرف لفظی دعوے یا جذباتی الزامات سے سیاست میں وزن نہیں بڑھتا بلکہ انسان کی تحقیر ہوتی ہے۔

آصف خان محسود نے مزید کہا کہ اس معاملے پر ٹھیکیدار یونین نے اپنا باقاعدہ جواب دے دیا ہے حالانکہ یونین اور ان کے درمیان کچھ اختلافات بھی رہے ہیں لیکن یونین غیر سیاسی لوگوں کا گروپ ہے اور انہوں نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں