اسلام آبادسے لاپتہ نوجوان جاوید اقبال محسودکی بازیابی کا مطالبہ

اسلام آباد کے تھانہ ترنول کی حدود سے لاپتہ نوجوان جاوید اقبال کے بھائی عمر فاروق محسود نے اعلیٰ حکام سے فوری بازیابی کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے درخواست کی کہ ان کے بھائی کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔

عمر فاروق محسود نے محسود پریس کلب میں مئیر تحصیل سرویکئی شاہ فیصل محسود کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ جاوید اقبال، جو پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور ہیں، 29 دسمبر 2025 کو ترنول سے لاپتہ ہوئے تھے اور اب دو سے تین ہفتے گزر جانے کے باوجود کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کا بھائی بے گناہ ہے اور کسی بھی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تھانہ ترنول کو گمشدگی کی تمام معلومات فراہم کر دی گئی ہیں اور ڈی پی او کو بھی تحریری درخواست دی گئی ہے تاکہ جاوید اقبال کی بازیابی کے لیے باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جا سکے۔ عمر فاروق نے مزید کہا کہ بھائی کی غیر حاضری کے باعث والدین شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

مئیر تحصیل سرویکئی شاہ فیصل محسود نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاوید اقبال کی گمشدگی صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ قبائلی علاقوں سے روزگار کے لیے آنے والے کئی افراد کے لاپتہ ہونے کا تسلسل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ بیس پچیس سالوں سے قبائلی اضلاع جنگ اور بدامنی کا شکار ہیں اور لوگ غربت کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں روزگار تلاش کرنے جاتے ہیں، اس دوران عام شہریوں کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔

شاہ فیصل محسود نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی پر الزام ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور لواحقین کی مشکلات کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں سے درخواست ہے کہ لاپتہ افراد کو جلد از جلد اہل خانہ کے حوالے کیا جائے تاکہ والدین کی اذیت کم ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں