خیبر پختونخوا میں نجی اور کمرشل ڈرون اڑانے پر پابندی عائد، ایڈوائزری جاری

خیبر پختونخوا حکومت نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں نجی اور کمرشل ڈرون اڑانے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔

چیف سیکرٹری آفس کی جانب سے جاری پبلک ایڈوائزری کے مطابق کواڈ کاپٹر اور دیگر ریموٹ کنٹرول فضائی آلات کی آؤٹ ڈور فلائنگ اگلے حکم تک معطل رہے گی۔

پشاور میں جاری اعلامیے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ غیر مجاز ڈرون پرواز کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حساس اور سرکاری تنصیبات کے قریب غیر ضروری اجتماعات سے گریز کریں، نامعلوم فضائی آلات یا کسی بھی ملبے کو ہاتھ نہ لگائیں، اور مشکوک اشیاء کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کو دیں۔

مزید برآں رہائشی کالونیوں اور عوامی مقامات پر محتاط رہنے، سرکاری محکموں کو سیکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے، اور سرکاری دفاتر میں غیر ضروری تقریبات محدود کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ ملازمین کو مشکوک فضائی سرگرمی رپورٹ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ رکھنے اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مشکوک ڈرون یا آلے کی برآمدگی پر فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لیا جائے گا اور صرف بم ڈسپوزل یونٹ یا تربیت یافتہ عملہ ہی مشکوک مواد کو ہینڈل کرے گا۔ کلیئرنس تک عوامی رسائی مکمل طور پر بند رکھی جائے گی۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں، افواہوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں