نومنتخب ارکان کی حلف برداری،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں اسمبلی کے اجلاس 28 فروری کو طلب

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں اسمبلی کے اجلاس 28 فروری کو طلب کرلئے گئے ہیں جس میں‌نو منتخب ارکان اسمبلی کی حلف برادری ہوگی.

خیبرپختونخوا کا اجلاس صبح 11 بجے جبکہ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سہہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے.

جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کردیئے.سمری کے مطابق اجلاس بروز بدھ 28 فروری کو دن گیارہ بجے طلب کرلیا گیا ہے .

جمعے کو نگراں وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا ارشد حسین نے گورنر کو سمری ارسال کی تھی۔28 فروری کو بدھ کے دن صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔

سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق احمد غنی نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بھی 28 فروری کو طلب کیا گیا۔اجلاس 28 فروری سہ پہر 3 بجے اسمبلی ہال میں ہوگا جس کی صدارت اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی کریں گے ۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس گورنربلوچستان عبدالولی خان کاکڑ نے طلب کیا ہے۔اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جبکہ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔