جنوبی وزیرستان لوئر،کالعدم تنظیم کی جانب سے قبائلی رہنماملک جمیل وزیر کو دھمکی

خان زیب محسود
تحریک طالبان حافظ گل بہادر گروپ (ٹی ٹی جی) سے منسوب تحصیل برمل سے تعلق رکھنےوالے کمانڈر قاری حسین خوجل خیل نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہےجس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مجاہدین کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم جاری ہے۔

ویڈیو پیغام میں قاری حسین نے وانا کے احمد زئی قبیلے کی نو ذیلی اقوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم آپ کے مال و جان کے محافظ ہیں، آپ کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتے ہیں، اور آپ کی عزت ہماری عزت ہے۔

قاری حسین کے مطابق حالیہ دنوں میں حکومت مبینہ طور پر ایسے افراد کو مالی مدد فراہم کر رہی ہے جو ان کے بقول مجاہدین کو بدنام کرنے کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ افراد عوام اور نوجوانوں کے ذہنوں کو گمراہ کر کے مجاہدین کے خلاف جذبات ابھارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیغام میں خاص طور پر قبائلی رہنما ملک جمیل وزیرکا نام لیتے ہوئے قاری حسین نے الزام لگایا کہ وہ حکومت کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مجاہدین کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملک جمیل نے ایسی کارروائیاں بند نہ کیں تو اپنے انجام کو جلد پہنچے گا۔

یاد رہے کہ 11ستمبر کوتوجئے خیل وزیر قبیلےنے تحصیل وانا کےعلاقہ کڑیکوٹ بازار میں منعقدہ جرگے فیصلہ کیا کہ توجئے خیل کے علاقے میں کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

جرگے نے اعلان کیا کہ اگر کسی بھی فرد یا گروہ نے دہشتگردی میں ملوث ہونے یا سہولت کاری کی کوشش کی تو سخت ترین قومی سزا دی جائے گی۔

ملک جمیل وزیر(توجئے خیل )نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توجئے خیل قبیلے کی سرزمین انگور آڈہ سے لیکر تنائی اور سپین تک مقدس ہے اگر کسی نے یہاں خون خرابہ کیا تو اس کا انجام سخت ہوگا۔

قومی فیصلے کے مطابق ملوث افراد کے گھر مسمار کیے جائیں گے، باغات کاٹے جائیں گے، علاقہ بدری ہوگی اور 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

جرگے نے یہ بھی حکم دیاتھا کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی جی سے وابستہ توجئے خیل قبیلے کے تمام افراد فوری طور پر لاتعلقی اختیار کریںبصورت دیگر ان کے خلاف قومی لشکر کشی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں ملک جمیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ان کا بیٹا شمس الحق جاںبحق جبکہ ملک جمیل سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں