جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل مکین کے علاقے دشکہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ آج صبح تقریباً نو بجے پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اٹھارہ سے انیس سالہ نوجوان رضا اللہ ولد عبدالمالک سکنہ زیڑ سار گاؤں ڈانگرکائی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد مقتول کی لاش کافی دیر تک جائے وقوعہ پر موجود رہی جس کے بعد انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کیا گیا۔
دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تصدیق کے بعد ملزمان کی شناخت اور حملے کے محرکات معلوم کرنے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔








