لکی مروت میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرخواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11افراد کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ نورنگ کی حدود تختی خیل میں ایک گھر سے 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں، مقتولین میں 2 خواتین اور 6 بچے بھی شامل ہیں، پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق گھر میں 2 بھائی علمدار اور تابعدار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ قتل ہونے والوں میں عملدار ،ان کی زوجہ ،دو بیٹے اور ایک بیٹی جبکہ تابعدار، انکی زوجہ،دوبیٹے اور ایک بیٹی سمیت ایک مہمان رشتہ دار شامل ہے۔
لکی مروت پولیس کے ترجمان نے مقامی افراد سے حاصل ابتدائی معلومات کی بنیاد پر بتایا کہ واقعہ دو تین پرانا ہے جس کے بارے میں کسی کے پاس معلومات نہیں تھی اور ان دونوں گھروں میں کسی کا آنا جانا نہیں ہوا۔
انھوں نے بتایا کہ آج مقتولین کا ایک بھائی گل زمان ان کے گھر آیا تو باہر مکمل خاموشی تھی۔ وہ اندر گیا تو لاشیں پڑی ہوئی تھی، جس کے بعد پڑوسی اور مقامی افراد بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اب تک کی معلومات کے مطابق مقتولین کا رشتہ دار جو وزیرستان سے ہے۔ دو دن قبل مقتولین کے گھر آیا تھا، اپنے ساتھ پکے ہوئے چاولوں کی دیگ بھی لایا تھا، واقعے کے بعد سے وہ غائب ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولین کو نیند کے دوران گولیاں ماری گئی، شبہ ہے کہ قتل سے پہلے کھانے میں کوئی نشہ آور دوا ملا کر دی گئی ہو تاکہ شور شرابا اور مزاحمت نہ ہو۔
پولیس کا کہنا ہے قتل کے اسباب کے حوالے سے ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔