ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقےمیری خیل میں قتل ہونے والی خاتون اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کا قاتل اس کا شوہرنکلا،گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔
خیبر پولیس کے مطابق بنوں سے تعلق رکھنے والی لنڈی کوتل کی ایس ڈی ای او راضوانہ شاہین کو گزشتہ رات میری خیل میں ان کے کوارٹر میں چاقو کے وار سے قتل کیا گیا ۔
مذکورہ آفیسر سکول کے ہاسٹل میں گزشتہ دو مہینوں سے بچوں اور خاوند سمیت رہائش پذیر تھی جبکہ واقعہ کے بعد خاتون کا شوہر اور چار بچے پر اسرار طور پر غائب تھے۔
دوسری جانب ضلع بنوں کے تھانہ ڈومیل پولیس نے ایک کاروائی کے دوران مقتولہ کے شوہر کو کوٹکہ محمد کے علاقے سے گرفتار کرلیاہے۔
ایس ایچ او تھانہ ڈومیل گل محمد خان کے مطابق ملزم نجیب اللہ نےابتدائی تفتیش میں اپنی زوجہ راضوانہ شاہین کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیاہے جبکہ ملزم سے مذید تفتیش کی جارہی ہے.
اس سے قبل ضلع خیبر پولیس کے ایس پی انوسٹیگیشن ضیا ء حسن نے لنڈی کوتل میری خیل سکول میں چاقو کے وار سے قتل ہونے والی فی میل اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رضوانہ شاہین قتل واقعے کی تحقیقات کے لئے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر میری خیل سکول میں چاقو کے وار سے قتل ہونے والی فی میل اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رضوانہ شاہین کی واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جلد اصل ملزم تک رسائی ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے واقعہ مطابق گھریلو ناچاقی کا سبب ہوسکتا ہے تاہم واقعہ کی تحقیقات جدید سائنسی خطوط پر کی جائے گی جس کے لئے پولیس انوسٹیگیشن کی سپیشل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔