لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد :عدالت نے اداروں کو بغاوت پر اکسانےکے الزام میں گرفتار لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کے مقدمہ میں گرفتار امجد شعیب کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، تھانہ رمنا کے تفتیشی افسر، پراسیکیوٹر اور امجد شعیب کی لیگل ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔پراسیکیوشن کی جانب سے امجد شعیب کی 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

عدالت میں پراسیکوٹر عدنان نے امجد شعیب کے خلاف مقدمےکا متن پڑھا، پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ نجی ٹیلی ویژن پر امجد شعیب بطور مہمان موجود تھے، امجد شعیب کے بیان سے حکومت کے خلاف نفرت پھیلائی گئی، بیان سے حکومت، اپوزیشن اور سرکاری ملازمین کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کی گئی، اپوزیشن کو حکومت کے خلاف مزید سخت حکمت عملی کے لیے اکسایا گیا۔

پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ امجد شعیب کے بیان سے 3 گروہوں کے درمیان نفرت پھیلائی گئی، امجد شعیب پر لگی دفعات کے تحت 5 اور 7 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

امجد شعیب کے وکیل مدثر خالد عباسی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کردی۔

مدثر خالد عباسی کا کہنا تھا کہ عدالت نے دیکھنا ہےکہ امجد شعیب نے کوئی جرم کیا بھی ہے یا نہیں، اگر مجسٹریٹ کو لگتا ہےکہ کوئی جرم نہیں کیا تو کیس ڈسچارج کیا جاسکتا ہے، امجد شعیب پر مقدمے میں لگائی گئی دفعات بنتی ہی نہیں، امجد شعیب نے ایک مخصوص صورتحال سے متعلق صرف مثال دی، امجد شعیب نے ایسی کیا بات کردی جس پر قانون نے کوئی پابندی لگائی ہو؟

امجد شعیب کے وکیل نے مزیدکہا کہ امجد شعیب نے ایسی بات آج تک نہیں کی جس سے ملک کو نقصان پہنچے، امجد شعیب کے خلاف صرف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے، امجد شعیب تقریباً 80 سال کے ہیں، انہوں نے مثبت تنقیدکی، امجد شعیب کو کافی عرصے سے ہراساں کیا جارہا ہے، ایک گھنٹےکے اندر مقدمہ درج کرکے امجد شعیب کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا، جائز تنقید کرنا اگر غلط ہے تو اپوزیشن کو تو سسٹم سے ہی نکال دیں۔

امجد شعیب کے وکیل ریاست علی آزاد نے اپنے دلائل میں کہا کہ امجد شعیب نے 1965 اور 1971 کی جنگیں لڑیں، امجد شعیب پاکستان کے سب سے محب وطن شہری ہیں، امجد شعیب نے شہریوں کو نہیں کہا کہ سرکاری دفاتر نہ جائیں۔

بعد ازاں عدالت نے امجد شعیب کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا، کچھ دیر بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے امجد شعیب کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس نےلیفٹیننٹ جزل ریٹائرڈ امجد شعیب کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیاتھا، امجد شعیب پر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ تھانا رمنا میں درج ہے۔

بغاوت پر اکسانے کا الزام،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب گرفتار

پولیس کے مطابق امجد شعیب کے خلاف مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں 153 اے اور 505 پی پی سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔