گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک نصیر احمد پر ایف آئی آر کرنا یا ختم کرنا صوبائی حکومت کے اختیار میں ہے ۔
آج گورنر ہاؤس پشاور میں فیصل کریم کنڈی سےجمرود سیاسی اتحاد اور کوکی خیل قومی جرگہ کے مشران نے ملاقات کی۔ملاقات میں جمرود سیاسی اتحاد اور کوکی خیل مشران نے سے ملک نصیر احمد اور ملک سید آغاجان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر ختم کرکے انھیں رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے جرگہ کو آگاہ کیا کہ پشتون قومی جرگہ کے حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی، امیر مقام، کمشنر پشاور، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کی موجودگی میں اتفاق رائے ہوا تھا کہ پشتون قومی جرگہ کے منتظمین پر کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی اور اس کا مکمل اختیار وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ہے، اس لیے صوبے میں کسی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا یا اسے ختم کرنا صوبائی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے پر چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی اور کمشنر پشاور سے بات کریں گے، اور اگر ضرورت پڑی تو وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کریں گے تاکہ کوکی خیل قوم کے مسائل جلد از جلد حل کیے جا سکیں۔