ضم شدہ اضلاع کی سات سب ڈویژنوں میں اراضی کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیا جائیگا

امریکی حکومت کے تعاون سے نئے ضم شدہ اضلاع کی سات سب ڈویژنوں میں اراضی کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیا جائیگا۔

امریکی حکومت ضم شدہ اضلاع میں اراضی کھاتوں اور ان کی رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت اور درستگی، اقتصادی نمو کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت کے ساتھ اشتراک کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روزمنعقدہ ایک تقریب میں جس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شرکت کی امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے صوبے کے بورڈ آف ریونیو کو پچاس لاکھ ڈالر مالیت کا سامان فراہم کیا جس کے بعد محکمہ کی اراضی کی درست پیمائش کی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہو گا۔

امریکہ نے صوبائی محتسب کے عملے کو با اختیار بنانے کے لیے ایک نئی شراکت کا بھی اعلان کیا جس کے تحت محتسب کے دفتری عملے کو خواتین کے حقوق اور اراضی کے تصفیہ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کی تربیت فراہم کی جائیگی۔ اس عمل کا مقصد جائیداد اور وراثت کے حوالے سے خواتین کے حقوق کے تحفظ میں محتسب کے کلیدی کردار کے بارے میں آگہی پیدا کرنا ہے۔

بورڈ آف ریوینیو کے سینئر ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی معاونت سے ، صوبائی بورڈ آف ریونیونئے ضم شدہ اضلاع کی سات سب ڈویژنوں میں اراضی کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح اراضی کے ریکارڈ کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں رُونما ہونگی اور کارکردگی، درستی اور سہولت کی وجہ سے ضم شدہ اضلاع کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔

خیبر پختونخوا کے اپنے دورہ کے دوران امریکی سفیر نے انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ نوشہرہ میں حال ہی میں ایک کروڑ بہّتر لاکھ ڈالر مالیت سے پایہ تکمیل کو پہنچنے والے جوائنٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔