اسلام آباد : کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال کے جدید Siemens Magnetom Flow MRI 1.5 Tesla مشین کا افتتاح کر دیا گیا۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیرِ مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آصف سیف اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ایم آر آئی مشین کی تنصیب سے ہسپتال کی تشخیصی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر امتیاز حسن نے بتایا کہ نئی مشین مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس ہے، جو زیادہ درست اور تیز اسکیننگ فراہم کرے گی اور مریضوں کو بہتر تشخیص میں مدد دے گی۔
وزیرِ مملکت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید طبی ٹیکنالوجی کا نفاذ ملک کے صحت کے نظام میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولت ملے گی۔
تقریب کے اختتام پر سیف ہیلتھ کیئر لمیٹڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقبال سیف اللہ خان نے بتایا کہ ہسپتال میں 30 فیصد اضافی بستروں کی گنجائش بڑھانے پر کام جاری ہے جو سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ “کلثوم میڈیکل سٹی” منصوبے پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جو ملک میں جدید طبی سہولیات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ترجمان کے مطابق نئی MRI مشین کی بدولت اسکیننگ کا عمل نہ صرف زیادہ مؤثر اور آرام دہ ہوگا بلکہ تشخیص میں درستی اور رفتار کے حوالے سے بھی بہتری آئے گی۔