کرک ،پلاسٹک بیگ میں‌بھری گیس کےدھماکے میں 1 بچہ جاں بحق،25 افراد زخمی

ضلع کرک میں پلاسٹک بیگ میں بھری گیس کے دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 25 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ گذشتہ روز تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے عیسک خماری میں پیش آیا جہاں گیس بھرا پلاسٹک بیگ اچانک دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔

زخمیوں میں سے 4 بچوں کی حالت تشویشناک تھی جنہیں پشاور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر افراد مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب آج عیسک خماری کے رہائشیوں نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ واقعہ کا ایف آئی آر سوئی نادرن گیس کمپنی کے حکام کے خلاف درج کی جائے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے گذشتہ 8 سال سے مذکورہ کالونی کا گیس کنکشن کاٹ دیا گیا ہے اور لوگ پلاسٹک بیگ میں گھر لے جانے پر مجبور ہیں۔

ضلع انتظامیہ نے کرک میں پاسٹک بیگ میں گیس لے کر جانے پر پابندی لگارکھی ہے۔

بانڈہ داؤدشاہ اور دیگر علاقوں میں غباروں کے ذریعے گیس اسٹور کی جاتی ہے، بچے پلاسٹک بیگ میں قدرتی گیس بھر کر گھر لے جاتے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگس نے چلتے پھرتے بموں کی شکل اختیار کرلی ہے۔