قبائلی ضلع کرم کے علاقے لنڈی وان میں دو قبیلوں کے درمیان زمین کے تنازعے پر تصادم میں دو افراد جاںبحق اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لقمان خیل اور خیوس خیل کے درمیان 2 اپریل کو متنازعہ زمین پر تعمیراتی کام نہ روکنے کی وجہ سے تصادم ہوا ۔
اپر کرم کے ڈپٹی کمشنر حامد نواز خان نے نشریاتی ادارے مشال ریڈیو کو بتایا کہ لڑائی بڑھنے اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے بعد سیکیورٹی فورسز نےدونوں قبیلوں کے افرا د کو مورچوں سےنکال دیا ہے۔
صحرائے لنڈی وان میں متنازعہ اراضی کو تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق خیوس خیل قبائل نے شلوزان کو تین سو ایکڑ اراضی دی ہے۔ لقمان خیل کا الزام ہے کہ فیصلے کے باوجود خیوس خیل کے لوگ اجتماعی زمین پر تعمیراتی کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب خیوس خیل کے مشران نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے صرف اپنی زمینوں پر تعمیرات کی ہیں۔
واضح رہے کہ کرم کے مختلف علاقوں میں وقتاً فوقتاً زمین پر تنازعات ہوتے رہتے ہیں، جون 2021 سے دسمبر 2022 تک مختلف قبائل کے درمیان زمین پر آٹھ لڑائیاں ہوئیں جن میں تمام فریقوں کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔