شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں گولڈن ایرو پبلک سکول برائے طالبات کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا ہے۔
زرمک کےگاؤں شاخیمار میں تعمیر کئے گئے گولڈن ایرو پبلک سکول برائے طالبات کا افتتاح جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم نے کیا، کمانڈنٹ شوال رائفلز بریگیڈیئر نعمان منیر، عمائدین علاقہ اور دیگر سول و عسکری حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم اختر نے کہا کہ پاک فوج شمالی وزیرستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے علاؤہ فروغ تعلیم اور صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شمالی وزیرستان بھر میں پاک فوج کے زیر اہتمام کئی تعلیمی ادارے کام کررہے ہیں جہاں سینکڑوں طلباء و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے تعاون سے میران شاہ اور ملک کے دیگر علاقوں میں ضلع کے مختلف علاقوں کے مستحق اور قابل طلبہ بہترین تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں مفت تعلیم سے فیض یاب ہورہے ہیں۔
گولڈن ایرو پبلک سکول فار گرلز شاخیمار کی تعمیر اور افتتاح پر عمائدین علاقہ، نوجوانوں، شاخیمار ویلفیئر سوسائٹی اور طالبات نے سکول کی تعمیر پر عسکری و سول حکام کا شکریہ ادا کیا۔