شمالی وزیرستان،میرعلی میں ہزاروں افراد قیام امن کیلئے سڑکوں پر نکل آئے

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں ہزاروں افراد قیام امن کیلئے امن مارچ کررہے ہیں۔

میرعلی بازار میں منعقد امن مارچ میں شریک لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہیں جس پر امن اور قیام امن کے حوالے سے نعرے درج ہیں۔

میرعلی بازار مکمل طور پر بند ہے اور ضلع کے مختلف علاقوں سے قافلے امن مارچ میں شرکت کررہے ہیں۔

میرعلی امن مارچ کا اعلان اتمانزئی جرگہ کے ترجمان مفتی بیت اللہ نے 12 اگست کو ایک جرگے کے دوران کیا تھا۔ جرگہ میں اتمانزئی جرگہ کے مشران کے علاوہ سیاسی اتحاد اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما شریک تھے۔

جرگے میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 25 اگست کو میرعلی بازار میں امن و امان کی بدتر صورتحال کے خلاف اور ضلع کے وسائل پر ضلع کے عوام کے حقوق کیلئے امن مارچ کا انعقاد کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی گذشتہ کئی سالوں سے بد امنی کی لپیٹ میں ہے۔ ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان کے علاوہ سکیورٹی فورسز اور پولیس پر عسکریت پسندوں کے حملے آئے روز رونما ہوتے ہیں۔