سال 2023 میں 29 خودکش حملوں میں23 خیبرپختونخوا میں کئے گئے، رپورٹ

پاکستان میں‌سال 2023 میں‌ عسکریت پسندوں‌کی جانب سے 29 خود کش‌حملوں میں 23 حملےصوبہ خیبرپختونخوا جبکہ5 بلوچستان میں‌کئے گئے ہیں.

پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلیکٹ اینڈ سیکورٹی سٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس ) کی جانب سے ملک میں‌سال 2023 میں‌ہونے والے خود کش حملوں کی تفصیل جاری کی گئی ہے جس کے مطابق ملک میں‌کل 29 خود کش حملے ہوئے جس میں مجموعی طور پر 329 افراد جاں بحق جبکہ 582 افراد شدید زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس سال سب سے زیادہ 23 خود کش حملے کئے گئے جس میں 254 افراد ہلاک اور 512 زخمی ہوئے۔ 23 حملوں میں سے 13 خودکش بم دھماکے خیبرپختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع ​​ میں ہوئے جن میں 85 افراد ہلاک اور 206 زخمی ہوئے۔

تھنک ٹینک رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں پانچ خودکش حملے کیے گئے جن میں 67 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوئےجبکہ صوبہ سندھ میں ایک خودکش حملہ ہواجس کے نتیجے میں آٹھ افراد مارے گئے اور 18 زخمی ہوئے۔

پی آئی سی ایس ایس نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال 2023 حملوں میں پریشان کُن اضافہ ہوا جو 2014 کے بعد حملوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس میں 47 دھماکوں کے نتیجے میں 683 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2022 کی نسبت 2023 میں اموات میں 226 فیصد جبکہ زخمیوں کی تعداد میں 101 فیصد اضافہ ہوا ہے۔