گلگت، سیاحوں کی وین کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق، 9 زخمی

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بابوسر پاس کے قریب سیاحوں کو لے جانے والی ایک وین کھائی میں گرنے سے ایک بچے سمیت 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر چلاس صداقت علی کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ایک ہی خاندان کے افراد موجود تھے جن کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال سے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گاڑی اُلٹنے کا واقعہ بابو سرٹاپ کے علاقے گیتی داس کے مقام پر پیش آیا، حادثے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 9 زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی ایس پی چلاس وزیر لیاقت کا کہنا ہے کہ ’گاڑی میں کل 16 سیاح سوار تھے اور یہ ساہیوال سے گلگت جا رہی تھی اور گیتی داس کے مقام پر کھائی میں جا گری۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’زخمی ہونے والوں میں ایک مرد، چار خواتین اور چار بچے شامل ہیں جنہیں چلاس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ہی گلگت بلتستان میں تھالیچی کے قریب شاہراہ قراقرم پر سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے تھے۔