شمالی وزیرستان،گیلامن وزیر آبائی علاقے اسدخیل میں سپرد خاک

پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما اور معروف شاعر گیلامان وزیر کو شمالی وزیرستان کے رزمک سب ڈویژن کے گاؤں اسد خیل میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

مرحوم کے جنازے میں پی ٹی ایم کے کارکنوں کے علاوہ شمالی وزیرستان اور دیگر کئی علاقوں سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی. کوئٹہ سمیت پاکستان کے اندر اور باہر کئی شہروں میں گیلامن وزیر کی نماز جنازہ ادا کی گئی.

11 جولائی کو پی ٹی ایم کے رہنماؤں، اراکین اور حامیوں نے گیلامن وزیر کی میت کو قافلے کی شکل میں اسلام آباد سے براستہ پشاور روانہ کیا تھا۔

تحریک کے ایک رکن حیات وزیر نے بتایا کہ مختلف شہروں میں ہزاروں لوگ وزیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قافلے کے آگے گئے جس کی وجہ سے سفر میں کافی وقت لگا۔

آدھی رات کو بنوں پہنچنے کے بعد وزیر کا جنازہ قافلہ شمالی وزیرستان کے لیے روانہ ہوا۔ اس کارواں میں تحریک کے رہنما منظور پشتین سمیت سینکڑوں سرکردہ رہنما، اراکین اور کارکنان شریک تھے۔

گیلامن وزیر جس کا اصل نام حضرت نعیم تھا 7 جولائی کو اسلام آباد میں لڑائی جھگڑے کے دوران زخمی ہونے کے بعد 11 تاریخ کو انتقال کر گئے۔وہ اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

پاکستان اور افغانستان سمیت مختلف ممالک میں سیاستدانوں، کارکنوں، ادیبوں اور فنکاروں نے گیلامن وزیر کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے.