قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے بھارتیوں کو پاکستان سے اگلا میچ ہونے تک گزشتہ روز کی جیت کا جشن منانے کا مشورہ دے دیا۔
سابق کپتان نے پاکستان کی شکست پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ بحیثیت کرکٹرز اپنی جانب سے بھرپور فائٹ دینے کے لیےہم اپنی قوم کے مقروض ہیں، اور یہ ہی فائٹ مجھے اپنے لڑکوں میں دکھائی نہیں دی’۔
As cricketers we owe our nation the best fight we can put forward, which I saw missing from our boys. Our team is great just need to put up a strong fight
Congrats to India on showcasing excellence across all departments, enjoy the win till our next match #PakvsInd #CWC23
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) October 15, 2023
شاہد آفریدی نے کہا ‘ہماری ٹیم بہترین ہے، بس اسے ایک اچھی اور مکمل فائٹ دکھانے کی ضرورت ہے’۔
ساتھ ہی سابق کپتان نے بھارت کو میچ جیتنے کی مبارکباد پیش کی اور لکھا ‘تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ہندوستان کو مبارکباد، ہمارے اگلے میچ تک جیت کا لطف اٹھائیں’۔
ہفتے کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے اس وقت شکست دی جب اننگز کی 117 گیندیں باقی رہتی تھیں۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ، عبداللہ شفیق اور امام الحق نے قومی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر یکے بعد دیگرے پاکستان کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں۔
پاکستانی ٹیم پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 42.5 اوورز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، اس کے بعد بھارتی اننگز شروع ہوئی تو اس میں بھی بھارتی بلے بازوں کا بول بالا رہا۔