پی ٹی آئی یا ن لیگ،پی کے 79 پشاور سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ جاری

پی کے 79 پشاور سے متعلق انتخابی عذرداری پر الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ سامنے آ گیا ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے جبکہ نون لیگ کے امیدوار جلال خان کی کامیابی کو برقرار رکھا گیا ہے۔

الیکشن ٹریبونل نے اس حوالے سے تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے جلال خان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل میں انتخابی عذرداری دائر کی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ فارم 45 کے مطابق وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے تاہم فارم 47 کے تحت جلال خان کو کامیاب قرار دیا گیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر ریٹرننگ افسر سے بھی رجوع کیا تھا مگر درخواست مسترد ہونے کے بعد وہ الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے پر مجبور ہوئے۔

سماعت کے دوران نون لیگ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے اہم قانونی نکات کو نظرانداز کیا اور انتخابی پٹیشن میں متعدد خامیاں موجود تھیں۔

وکیل کے مطابق درخواست میں والد کا نام بھی غلط درج کیا گیا، جبکہ دیگر قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے، جس کے باعث یہ عذرداری ٹیکنیکی بنیادوں پر قابلِ سماعت نہیں تھی۔

عدالت نے الیکشن رولز کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ انتخابی عذرداری میں تمام حقائق کا درست اور مکمل ہونا لازم ہے۔

ٹریبونل نے دلائل مکمل ہونے کے بعد تیمور سلیم جھگڑا کی درخواست خارج کرتے ہوئے جلال خان کی کامیابی کو درست قرار دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں