متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے3پاکستانیوں سمیت 16 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ترجمان سول ڈیفنس نے بتایا کہ دبئی کے گنجان آباد علاقے الرس کی رہائشی عمارت میں لگی تھی۔
دبئی سول ڈیفنس آپریشنز روم کو سب سے پہلے دوپہر 12 بج کر 35 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع دی گئی، ایک ٹیم 6 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی اور انخلا اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کر دیں، آگ پر 2 بج کر 42 منٹ پر قابو پالیا گیا جس کے بعد کولنگ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
بھارتی سماجی کارکن نصیر وتناپلی نے ’گلف نیوز‘ کو بتایا کہ ’اب تک ہم 4 بھارتی شہریوں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں، جن میں کیرالہ کا ایک جوڑا اور تامل ناڈو کے 2 مرد بھی شامل ہیں جو اس عمارت میں کام کرتے تھے، 3 پاکستانی کزن اور ایک نائجیرین خاتون بھی اس حادثے میں ہلاک ہوگئی۔
ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان سول ڈیفنس نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف رہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت میں سیکیورٹی اور سیفٹی کے تقاضوں کی پابندی نہ ہونے کی وجہ سے آگ لگی، متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کے لیے جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے، سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے سیاہ دھواں اور بھڑکتے شعلے دیکھے گئے، متعدد فائر انجن اور ریسکیو ورکرز ریکارڈ وقت میں جائے وقوعہ پر پہچنا شروع ہوگئے۔