شمالی وزیرستان میں سکول پر کواڈکاپٹر حملہ،پرنسپل اور ریسکیو اہلکار سمیت تین زخمی

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں نامعلوم عناصر نے نجی سکول کو کواڈ کاپٹر (ڈرون) حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سکول پرنسپل، چوکیدار اور ریسکیو 1122 کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

واقعہ میرعلی کے گاؤں خسوخیل میں پیش آیا جہاں الفاتح پبلک سکول پر ڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ سکول انتظامیہ کے مطابق حملے کے وقت سکول پرنسپل اور چوکیدار موقع پر موجود تھے جو زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق جب ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچی تو ایک اور کواڈ کاپٹر کے ذریعے مارٹر گولہ گرایا گیا،جس کے نتیجے میں ریسکیو 1122 کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق اہلکار جان ہتھیلی پر رکھ کر زخمیوں کی مدد کے لیے پہنچے تھے۔

تمام زخمیوں کو علاج کے لیے بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں