ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے تیراہ آکا خیل میں شاڈلہ کے قریب مترے درہ میں رات گئے نامعلوم سمت سے ایک گولہ آ کر گرا جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
خبررساں ادارے ٹی این این کی رپورٹ کے مطابق متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ واقعے میں5مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
حادثے کے بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں شاڈلہ میں جمع کر دی گئی ہیں جہاں بڑی تعداد میں اہل علاقہ جمع ہو چکے ہیں اور فضا سوگوار ہے۔
تحصیل باڑہ کے چیئرمین مفتی کفیل آفریدی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سانحہ رات تقریباً دو بجے پیش آیا، جس میں تین گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے.
ادھر ممبر قومی اسمبلی حاجی محمد اقبال آفریدی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کراتے ہیں۔