ٹانک،معروف کرکٹرعثمان محسودکی لاش برآمد،مبینہ سہولت کار گرفتار

ضلع ٹانک کےعلاقےڈبرہ سے پانچ روز سے لاپتہ مقامی معروف کرکٹر عثمان محسود کی لاش ویرانے سے برآمدہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ گومل کے حدود ڈبرہ کے علاقے جیوس میں ویرانے سےپولیس کو لاش ملی جس کی شناخت 26 سالہ مقامی نوجوان کرکٹر عثمان محسود عرف مایہ محسود کے نام سے ہوئی جو ڈبرہ کےعلاقے جیوس مرغی کالونی کارہائشی تھا۔

ایس ایچ اور تھانہ گومل اصٖغر وزیر کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثاء نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا تھا کہ 8 اگست کو عثمان محسود مرغی کالونی جیوس اپنے گھر سے ایک فون کال آنے کے بعد نکلا اور پھر گھر واپس نہیں آیا.

اصغر وزیر نےمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے عثمان محسود کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کردیا ہے اور نامزد ملزمان کے خلاف چھاپے جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران ایک مبینہ سہولت کار نور رحمان کو گرفتار کیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ عثمان محسود کا تعلق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ سے ہے اور ان کی اپنے خاندان سمیت ضلع ٹانک کے علاقے ڈبرہ میں رہائش تھے۔