سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان اپر،جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل اور ضلع ٹانک کے سب ڈویژن جنڈولہ میں کل 24 جولائی بروز جمعرات میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہو گی ۔
تینوں اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے کرفیو کے نفاذ کے حوالے سے الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کئے گئے ہیں ۔
جنوبی وزیرستان اپر میں نافذ کیے گئے کرفیو کے دوران چند اہم راستے مکمل طور پر سیل رہیں گے جن میں تاؤدہ چینہ، مکین، بی بی رغزئی، سراروغہ، کوٹکائی، سپینکئی رغزئی تا نظر خیل، عزیز آباد چوک سے مدی جان، شین وارسک، مولا خان سرائے تا چگملائی، اور سرویکئی سے بروند تک کا راستہ شامل ہے۔
ان علاقوں میں داخلہ یا نقل و حرکت صرف ایمرجنسی کی صورت میں، سیکیورٹی اداروں کی باقاعدہ اجازت، قومی شناختی کارڈ اور ضروری کاغذات کی تصدیق کے بعد ممکن ہو گا۔
اسی طرح ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں کل مکمل کرفیو نافذ رہےگی،کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی اور مذکورہ حدود میں تمام بازار اور مارکیٹس بند رہیں گے ۔
کرفیو کے دوران تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی تا عزیز آباد چوک اور زامچن، خمرنگ، رغزئی، شولام تا وانا تک کے تمام راستوں پر پابندی عائد ہو گی۔
ادھر ضلع ٹانک کے سابقہ نیم قبائلی علاقے جنڈولہ سب ڈویژن میں بھی مکمل کرفیو نافذ رہے گا۔ جنڈولہ بازار سمیت جنوبی وزیرستان اپر کی طرف جانے والے تمام راستے بند ہوں گے۔
انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور گرد و نواح سے جنوبی وزیرستان اپر کی جانب سفر کرنے والے شہریوں سے خاص طور پر درخواست کی ہے کہ وہ 24 جولائی کو کسی بھی قسم کے سفر سے اجتناب کریں۔
شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کی موجودگی پر اپنی گاڑیوں کو کم از کم 100 میٹر فاصلے پر سڑک سے نیچے اتار لیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل تعاون کریں اور امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں ۔