علی امین گنڈاپور کا تیراہ واقعے پر اظہارِ افسوس،لواحقین کے لیے ایک ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سےضلع خیبر تیراہ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں حالیہ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی، چیف سیکرٹری شہباب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ واقعے میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ عام شہریوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران اگر بے گناہ لوگ نشانہ بنیں تو یہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع اور پائیدار حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک مؤثر جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں علاقے کے منتخب عوامی نمائندے، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مقامی مشران شامل ہوں گے۔ اس جرگے کو اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کا موقع دیا جائے گا تاکہ آئندہ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران باجوڑ طرز کی حکمت عملی کو تیراہ میں بھی نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا، جس کے ذریعے عوام کو اعتماد میں لے کر دیرپا امن قائم کیا جا سکے گا۔

شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کے اعتماد کے بغیر امن قائم رکھنا ممکن نہیں، اس لیے مقامی کمیونٹی کو شریکِ عمل بنانا ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں