احتجاج پر مقدمہ،محسن داوڑ کی ضمانت میں 17 اپریل تک توسیع

پشاور ہائی کورٹ نے انتخابی نتائج میں تبدیلی کے خلاف احتجاج کرنے پر درج مقدمے میں سربراہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) محسن داوڑ کی ضمانت میں 17 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے محسن داوڑ کی ضمانت اور ایف آئی آر کے خاتمے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے محسن داوڑ کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے محسن داوڑ کی ضمانت میں 17 اپریل تک توسیع کردی۔

یاد رہے کہ محسن داوڑ نے پارٹی کارکنان کے ہمراہ 10 فروری کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں کینٹ کے باہر انتخابی نتائج میں تاخیر پر احتجاج کیا تھا ۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محسن داوڑ اور ان کے ساتھی میرانشاہ کینٹ باہر احتجاج کررہے ہیں اور کینٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں ڈپٹی کمشنر آفس ہے، اس دوران کینٹ کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں این ڈی ایم کے 3 کارکنان جاں بحق اور محسن داوڑ سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے تھے.

عام انتخابات میں محسن داوڑ قومی اسمبلی کے حلقہ اے این 40 شمالی وزیرستان سے امیدوار تھے،مذکورہ حلقے سے جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا مصباح الدین کامیاب ہوئے ہیں.