بارکھان میں گراں نازنامی خاتون اور اس کے 2 بیٹوں کے قتل کے الزام میں بلوچستان کے برطرف وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کو پولیس نےحراست میں لے لیا ہے۔
پولیس نے تصد یقی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کو بارکھان میں 3 افراد کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔
سردار عبدالرحمان کھیتران نے خود پر لگے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی، دوسری جانب ان کے گھر سے گراں ناز مری کے بچوں کی مبینہ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جس میں سردار عبدالرحمان کھیتران کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کے دو بیٹوں کی لاشیں ایک کنویں سے ملیں تھی جبکہ چند روز قبل مقتول خاتون کی سوشل میڈیا پر قرآن پاک ہاتھ میں لیے نجی جیل سے رہائی کی دہائیاں دیتی ہوئی ویڈیو سامنے آئی تھی۔