شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے ہرمز کے علاقے سے نجی بینکوں کےمنیجرسمیت تین ملازمین کو اغواء کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اغواء ہونے والوں میں بینک الفلاح میران شاہ برانچ کے منیجر، یو بی ایل میران شاہ برانچ کا ایک سٹاف ممبر اور ایک پرائیویٹ فلائنگ کوچ کا ڈرائیور شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق تینوں افراد ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد میران شاہ سے بنوں واپس جا رہے تھے جب نامعلوم مسلح افراد نے انہیں گاڑی سمیت اغواء کر لیا۔
واقعے کے بعد میران شاہ کے تمام نجی بینکوں نے احتجاجاً کام بند کر دیا، جس سے مقامی کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔
تاحال ضلعی انتظامیہ یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کسی قسم کی باضابطہ تصدیق یا بیان سامنے نہیں آیاتاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔