ضلع خیبرکی تحصیل لنڈی کوتل میں جرگے نے شادیوں اور دیگر تقریبات میں موسیقی ،ڈانس اورفائرنگ پرپاپندی عائدکرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کا جنازہ نہ پڑھانے کا انتباہ جاری کردیا ہے.
7 جولائی کولنڈی کوتل کےعلاقے زخہ خیل خیبرمیں منعقدہ جرگے میں علماء کرام،بلدیاتی نمائندوں اور علاقائی مشران نے متفقہ طور پر شادیوں میں خواجہ سراوں اور مقامی فنکاروں کے محفلوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
جرگے نے اپنا اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق فیصلے کی خلاف ورزی کرنےوالے کا نکاح نہیں پڑھایاجائے گا نہ ہی ایسا کرنے والوں کے خاندان کے کسی بھی فرد کا جنازہ پڑھایا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے خاندان کے ساتھ کوئی ہمدردانہ تعلقات نہیں رکھے جائیں گے۔
متفقہ فیصلے میں ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔