بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی)کوئٹہ انتظامیہ نے وزیراعلی بلوچستان کے دورے کے دوران غیر حاضر پائے گئے ڈاکٹروں سمیت 44 اہلکار معطل کردیئے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ(ایم ایس) بی ایم سی امین خان مندوخیل نے ان 22 ڈاکٹروں کی فہرست بھی سیکرٹری صحت کو ارسال کردی جو گذشتہ 8 ماہ سے لیکر 3 سال تک ہسپتال میں حاضری نہیں کررہے ہیں۔
آج صبح وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بی ایم سی کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے عملے کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو فوری طور پر غیر حاضر عملے کے خلاف کاروائی کا حکم دیدیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعلی ایم ایس سے کہتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ ہیں،جو عملہ غیر حاضر ہے ان کے خلاف کاروائی کی جائے ،جو مشنری خراب ہے انھیں فوری طور پر مرمت کریں جس کےلئے انھیں فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔
وزیراعلی کے دورے کے بعد ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے فوری طور پر ایمرجنسی سے غیر حاضر 5 اہلکاروں سمیت ہسپتال میں غیر حاضر دیگر عملہ جس کی تعداد 39ہے کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
ایم ایس نےسیکرٹری ہیلتھ کو غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹروں کی فہرست بھی ارسال کردی۔
لسٹ کے مطابق ہسپتال کے کل 22 ڈاکٹر گذشتہ 6 ماہ سے لیکر 3 سال تک ہسپتال سے غیر حاضر ہیں۔