جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا کے نواحی علاقے دژہ غونڈی میں دہشتگردوں نے صدارتی ایوارڈ یافتہ قبائلی رہنما مرحوم ملک اسلم نور اور مرحوم ملک خادین کے بھائی اللہ نور اور ان کے ساتھیوں پر حملہ کر دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ وانا بازار سے گھر واپس جا رہے تھے کہ دہشتگردوں کی جانب سے راستے میں لگائے گئے ناکے پر ان پر فائرنگ کی گئی۔
واقعے کے بعد اللہ نوراور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپ شروع ہو گئی جو کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔
فائرنگ میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال ہو رہا ہے جبکہ علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
جھڑپ میں دو خواتین زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق جھڑپ کے دوران عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں اور فائرنگ کی آوازیں دور دور تک سنائی دے رہی ہیں۔
خاندان نے قبائلی مشران اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ زخمیوں کے لیے فوری امداد فراہم کریں اور اسلحہ بھی مہیا کریں تاکہ دفاع ممکن ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان ہمیشہ علاقے کے امن کے لیے قربانیاں دیتا آیا ہے اور آئندہ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات کو قابو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔