9مئی واقعات،عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزائیں

فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف بڑا فیصلہ سنا دیا ہے، جس کے تحت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، زرتاج گل، اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت 108 افراد کو مختلف مدت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

عدالت نے ان مرکزی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ پنجاب اسمبلی کے رکن جنید افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا دی گئی۔

اسی مقدمے میں کچھ شخصیات کو بری بھی کر دیا گیاجن میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو شامل ہیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق تحریک انصاف کے پانچ اراکین قومی اسمبلی، تین پنجاب اسمبلی کے اراکین، اور ایک سینیٹر کو سزائیں دی گئی ہیں۔

ان میں عمر ایوب، زرتاج گل، رائے حسن نواز، احمد چھٹہ، حامد رضا، جنید افضل ساہی، رائے مرتضیٰ نواز، انصر اقبال اور سینیٹر شبلی فراز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد ملک گیر احتجاج ہوا تھا جس کے دوران مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے اور کئی سرکاری و عسکری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں