پنجاب اور خیبرپختونخوا میں امن او امان کی صورتحال بہتر بنانے کےلئے فوج طلب

اسلام آباد:امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانےکےلئے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگراں حکومتوں نے وفاقی حکومت سے فوج کی خدمات مانگ لیں.

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت کی درخواستوں پر فوج تعینات کرنے کی منظوری دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق پاک فوج کی دس کمپنیوں کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کی گئی ہیں، پاک فوج امن وامان قائم کرنےکے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرےگی اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرےگی۔

خیبرپختونخوا حکومت نے بھی کشیدہ حالات کے باعث آرٹیکل 246 کے تحت فوج کو طلب کرلیا ہے ۔ صوبائی حکومت نے تحریری خط لکھ دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہےجس کے بعد حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے فوج کی مدد طلب کر لی گئی ہے.