بلوچستان ،ہرنائی میں مسلح افراد کی فائرنگ،4 کان کن جاں بحق،3 زخمی

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 4 مزدور جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں.

حکام نے بتایا ہے کہ مسلح افراد نے صبح سویرے ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں ایک کان کے نزدیک مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں‌ 4 کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ہیں.

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے خوست پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی شناخت نور محمد، عبدالحنان، عبدالرحمٰن اور سید حنان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں کے نام شیر زمان، سید اکرام اور باز محمد ہیں۔جاں بحق ہونے والے 2 کان کنوں کا تعلق ضلع شانگلہ جبکہ دیگر دو مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ کے رہائشی تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی مجید جوگزئی نے بتایا کہ حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوتے ہوئے 11 کوئلے کی کانوں کو آگ بھی لگا گئے۔