یورپ کی اجارہ داری ختم، فرانس کو شکست دیکر ارجنٹینا تیسری بار ورلڈ چیمپئن بن گیا

دوحہ :قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر یورپ کی 16 سالہ اجارہ داری ختم کرتے ہوئے تیسری بار ورلڈکپ جیت لیا.

قطر کے شہر لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں یونل میسی نے اپنے آخری ورلڈکپ کو یادگار بناتے ہوئے اپنا ادھورا خواب پورا کیا اور ورلڈکپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔

ارجنٹینا 1978 اور 1986 میں ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہلے ہاف میں ہی ارجنٹینا نے فرانس کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کرلی تھی، ارجنٹینا کی جانب سے پہلا گول لیونل میسی نے 23 ویں منٹ میں پینالٹی پرکیا جبکہ دوسرا گول ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں کیاتاہم دوسرے ہاف میں فرانس کے ایمباپے نے 2 منٹ میں دو گول کرکے میچ میں ارجنٹینا کی برتری ختم کردی، میچ مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر رہا۔

اضافی وقت میں میسی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ارجنٹینا کو 2-3 کی برتری دلادی لیکن پھر ایمباپے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ارجنٹینا کی برتری ختم کردی۔اضافی وقت میں بھی میچ 3-3 سے برابر ہوگیا، ورلڈ چیمپئن کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹینا نے 4 جبکہ فرانس نے 2گول کیے۔