انوارالحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم حلف اٹھالیا

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد ہواجہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوارالحق کاکڑ سے نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی، صوبوں کے گورنرز اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انوار الحق کاکڑ کا بطور رکن سینیٹ استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔

خیال رہے کہ نامزد نگران وزیراعظم نے گزشتہ روز سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے اس عہدے سے استعفیٰ اس لیے دیا ہے کیونکہ وہ غیر جانبدار نگران وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے پیر (آج) انوار الحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ممبر سینیٹ آف پاکستان انوارالحق کاکڑ نے نگران وزیر اعظم بننے کے لیے غیر جانبداری کے اصولی مؤقف کے طور پر چیئرمین سینیٹ کو ذاتی طور پر اپنے ہاتھ سے لکھ کر استعفیٰ دیا۔

مزید بتایا گیا کہ معزز چیئرمین سینیٹ نے استعفیٰ قبول کر لیا ہے اور اس کے نتیجے میں ان کی نشست آئین کے آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت 14 اگست سے خالی ہو گئی ہے۔