جنوبی وزیرستان،زیرتعمیرگرلز سکول میں دھماکہ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں‌زیر تعمیر گرلز سکول کو نامعلوم افراد نےبارودی مواد سے اڑا دیا ہے۔

مقامی زرائع کے مطابق گزشتہ شب تحصیل وانا کے علاقے ڈابکوٹ میں ایک نجی سکول کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

زرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے غیر سرکاری تنظیم وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تعاؤن سے تعمیر ہونے والے واوا گرلز سکول میں بارودی مواد رکھ کر دھماکہ کیا ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم زیر تعمیر عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

کچھ روز قبل مذکورہ سکول کے پانی کے کنویں میں بھی نامعلوم افراد نے پتھر ڈال دیئے تھے۔

واضح رہے کہ 8 مئی کو شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے لڑکیوں کے پرائیوٹ سکول بموں سے اڑا دیا تھا.