بلوچستان میں انتظامیہ سے کامیاب مذکرات کے بعد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پہیہ جام ہڑتال موخر کردی۔
آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ سے مذکرات کے بعد پہیہ جام کی کال واپس لے لی ہے لیکن احتجاجی کیمپ قائم رہے گا۔
بلوچستان ٹرانسپورٹرز اتحاد نے گزشتہ روز صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
ٹرانسپورٹرز اتحاد نے الزام لگایا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کو کئی کئی گھنٹے چیک پوسٹوں پر روکا جاتا ہے، چیک پوسٹوں پر گھنٹوں چیکنگ کے بہانے کھڑا کرکے اذیت دی جاتی ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ جگہ جگہ چیک پوسٹوں کے بجائے جوائنٹ چیک پوسٹیں قائم کی جائیں.ہر چیک پوسٹ پر گھنٹوں کھڑا کیا جاتا ہے جس سے مسافر پریشان ہوتے ہیں اور ساتھ میں فروٹ اور سبزیاں بھی خراب ہوجاتی ہیں۔
ٹرانسپورٹر کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹوں پر روکنے کے باعث گھنٹوں کا سفر دنوں میں طے ہوتا ہے۔