لکی مروت میں مارٹر گولہ پھٹنے سے پانچ بچے جاں بحق،دو خواتین سمیت 13 زخمی

لکی مروت کے نواحی علاقے سوربند لنگرخیل میں مارٹر گولہ پھٹنے سےجہاں پانچ جاں بحق جبکہ دو خواتین اور 11بچے شدید زخمی ہو گئے۔

واقعے کے فوراً بعد جاں بحق بچوں کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال لکی مروت منتقل کیا گیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کفایت اللہ کے مطابق ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم چار بچوں کی حالت نازک ہونے پر انہیں خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں ریفر کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ وزیر، ڈی پی او نذیر خان، مروت قومی جرگہ کے سربراہ انجینئر امیر نواز خان، سابق ضلع ناظم اشفاق احمد خان، مولانا قریشی احمد شاہ، آصف سلیم ایڈووکیٹ، نصیر خان اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران نے ہسپتال جا کر نہ صرف زخمی بچوں کی عیادت کی، بلکہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی جب کہ تمام میڈیکل عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے عملہ فوری طور پر طلب کر لیا گیا تاکہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے البتہ تاحال کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ یہ پہلو بھی ابھی واضح نہیں کہ مارٹر گولہ بچوں کے ہاتھ کیسے لگا۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ صرف ایک روز قبل لکی مروت کے گاؤں شیخ خلہ میں بھی مارٹر گولہ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شہری عزیزاللہ جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں