19 جولائی کو شمالی و جنوبی وزیرستان میں کرفیو کا نفاذ، نقل و حرکت پر پابندی عائد

لدھا/میرانشاہ: ضلعی انتظامیہ نے 19 جولائی بروز ہفتہ کو سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان اپر میں صبح سویرے سے شام تک مکمل کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنزکے مطابق جنوبی وزیرستان میں صبح چھے بجے سے شام سات بجے تک پابندی رہے گی جبکہ شمالی وزیرستان میں یہ کرفیو صبح پانچ بجے سے شام سات بجے تک لاگو رہے گا۔

اس دوران تمام تجارتی مراکز، بازار اور عوامی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی ۔

کرفیو کے نفاذ کے دوران متعدد اہم شاہراہیں اور دیہی راستے بند رہیں گے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف ہنگامی حالات میں ہی سفر کریں، اور اس کے لیے انہیں سیکیورٹی فورسز سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔

سفر کے دوران شناختی دستاویزات، بشمول قومی شناختی کارڈساتھ رکھنےضروری ہیں۔ اگر دورانِ سفر سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی قریب آ جائے تو شہریوں کو اپنی گاڑی سڑک سے نیچے اتار کر سو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ضلع جنوبی وزیرستان میں تاؤدہ چینہ سے نظر خیل، عزیز آباد سے چگملائی تک اور سرویکئ سے بروند تک کے راستے خاص طور پر حساس قرار دیے گئے ہیں اور ان کے اطراف میں مکمل بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان میں رات کے دوران نافذ کرفیو معمول کی پابندی کے ساتھ برقرار رہے گا۔

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے رہائشیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 19 جولائی کوجنوبی وزیرستان اپر کا سفر مؤخر کریں تاکہ کرفیو کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں