ایم پی اے عجب گل وزیر نے خیبرپختونخوا بجٹ کو غریب دوست بجٹ قرار دیا

جنوبی وزیرستان لوئرسے حکومتی رکن عجب گل وزیر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے 75 سال میں جمہوریت کو صحیح معنوں میں نہیں دیکھا، اور آج بھی جمہوری قوتوں کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے تقریر کرتے ہوئے عجب گل وزیر کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے خلاف ایک منظم سازش کی جا رہی ہے اور انہیں غداروں کی صف میں لا کھڑا کیا گیا ہے۔

عجب گل نے کہاکہ میں بانی پی ٹی آئی کے لیے نہیں بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے قربانیاں دینی ہوں گی۔

انہوں نے موجودہ صوبائی بجٹ کا دفاع کرتے ہوئے اسے غریب دوست بجٹ قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کا دکھ درد ہے، ہم جھوٹ نہیں بول سکتے۔

عجب گل نے سازشی عناصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جو کچھ کر رہے ہیں، وہ تباہی کا راستہ ہے، مگر ہم نے ان سازشی عناصر کو شکست دی ہے اور حالات کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم اس ملک و قوم کے لیے قربانی دینے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، لیکن جب تک پالیسیاں عوامی امنگوں کے مطابق نہیں ہوں گی، تب تک ملک درست سمت میں نہیں جا سکتا۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہاکہ ہم جیسے بھی ہیں، عوام کے ووٹ سے اسمبلی میں آئے ہیں، کسی کے کندھے پر بندوق رکھ کر سیاست نہیں کرتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں