خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں جمعے سے پیر تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کا امکان ہے، اس دوران تیز آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں چترال اپر و لوئر، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، کولائی پالس، تورغر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، کوہاٹ، ہنگو، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔
ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے، عوام کو بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے، اور کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق اپنی سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اعلامیے میں حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے، ضلعی انتظامیہ کو مقامی زبانوں میں آگاہی پیغامات پہنچانے، اور ہنگامی صورتحال میں روڈ لنکس کی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی سڑکوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستے فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیاح موسم کی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات پر روانگی سے قبل پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناگہانی صورت حال میں رابطہ کر سکتے ہیں۔